نئی دہلی، 27؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بلیو وہیل گیم جس نے لاکھوں نوجوانوں کی زندگی برباد کر دی اور کئی ممالک میں اس پر پابندی بھی لگائی جا چکی ہے ، بھارت میں بھی بلیو وہیل گیم نے اپنی ہولناکی دکھائی ہے ، کئی بچے اور نوجوان اس گیم کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ۔ سپریم کورٹ کے حالیہ حکم اور مشورہ کے مطابق اب اس گیم کی ہولناکی اپنے انجام کو پہنچنے جا رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے ڈی ڈی ون اور نجی ٹی وی چینلوں سے کہا ہے کہ وہ بلیو وہیل گیم سے صحت پر پڑنے والے مضراثرات اور جان کو خطرہ میں ڈالنے کی ستم خیزی سے عوام الناس کو مطلع کرائیں تاکہ ملک میں انسانی جانوں کا تحفظ ہو سکے ۔ واضح ہو کہ سپریم کورٹ کے دو وکیلوں نے عدالت عظمی میں درخواست دائر کرکے مکمل طور پر اس ہولناک گیم بلیو وہیل پر پابندی عائد کرنے کا مشورہ دیا۔ اپنی درخواست میں دونوں وکلاء نے دلیل دی کہ اس گیم کی وجہ سے ملک بھر سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں نے خودکشی کی ہے اور کئی افراد ابھی بھی اس کے مضر اثرات سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے پایا کہ یہ قومی مسئلہ ہے اور اس پر فوری توجہ دی جانی چاہئے ۔ تاحال مرکزی سرکار نے عدالت عظمی سے کہا کہ انہوں نے ایکسپرٹ کی ٹیم تشکیل دی ہے جو اس کے منفی اثرات کی تفتیش کرے گی ۔ واضح ہو کہ بلیو وہیل گیم دنیا بھر خود کشی کو دعوت دیتے ہوئے بھارت میں بھی آچکا ہے اور اس سے کئی نوجوان خودکشی کرکے موت کے منھ میں جا چکے ہیں ۔